سورتکل 11؍جنوری (ایس او نیوز)کاٹار پالا میں 3جنوری دوپہر کو دیپک راؤ نامی ہندوتوا کارکن کے قتل کے بعد رات کے وقت سورتکل مبشّر (22سال) نامی نوجوان پر جو قاتلانہ حملہ ہوا تھا اس تعلق سے دو ملزمین کو گرفتار کیے جانے کی اطلاع ملی ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ بندر علاقے رہنے والے مبشر پر سورتکل میں ہوئے حملے کی تحقیقات کے لئے تشکیل کردہ خصوصی پولیس ٹیم نے دو ملزمین کو اپنی تحویل میں لیا ہے اور سورتکل پولیس اسٹیشن میں ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں ملزمین سنگھ پریوار کے کارکنان ہیں۔خیال رہے کہ مبشر کاٹی پالا میں اپنے رشتے دار کے گھر پر شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد جب منگلورو میں اپنے گھر کی طرف لوٹ رہاتھا تو سورتکل میں ایک گروہ نے اس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں مبشر کے سر پر گہرا زخم آئے تھے اور اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔